اسلام آباد ،16فروری 2017 :ایوان بالا کے 259ویں اجلاس کی چوتھی نشست میں چیئر نے وزیر مملکت برائے داخلہ کی طرف سے ایوان کو امن و امان پر دی جانیوالی بریفنگ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔چیئر نے ہدائت کی کہ کل دوبارہ بریفنگ دی جائے ۔ چیئر نے یہ بھی کہا کہ اگر معلومات حساس ہو تو ان کیمری بریفنگ بھی دی جا سکتی ہے ۔
خاص نکات
- نشست کا دورانیہ 02 گھنٹے 51منٹ رہا ۔
- نشست کا آغاز طے شدہ وقت تین بجے دوپہر ہوا۔
- چیئرمین نے 01 گھنٹہ 44 منٹ کیلئے نشست کی صدارت کی، بقیہ کارروائی کی صدارت پینل آف پریزائیڈنگ افسران کے رکن نے کی ۔
- وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف نے شرکت نہ کی ۔
- قائد ایوان نے مکمل نشست میں شرکت کی ۔
- نشست کا آغاز 19(18فیصد ) جبکہ اختتام 15(14فیصد( سینیٹرز کی موجودگی کیساتھ ہوا ۔
- پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز ، بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل ) ، مسلم لیگ ، عوامی نیشنل پارٹی ، پاکستان تحریک انصاف ، متحدہ قومی موومنٹ ، پاکستان مسلم لیگ(ن) ، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ، جماعت اسلامی اور جمعیت العلما اسلام (ف) کے پارلیمانی قائدین شریک ہوئے ۔
- کوئی اقلیتی سینیٹر شریک نہ ہوا ۔
کارکردگی
- تنازعات کے متبادل حل کا بل 2017 متعارف کرایا گیا جسے متعلقہ مجلس کے سپرد کر دیا گیا ۔
- ایوان نے مختلف کمیٹیوں کی رپورٹوں کی منظوری دی ۔
- قومی فوڈ سیکیورٹی پر قائم مجلس قائمہ نے قومی زرعی تحقیقاتی کونسل کی 1400 ایکڑ اراضی کی سی ڈی اے کی طرف سے کمرشل اراضی مین مجوزہ تبدیلی پر 13 ویں فالو اپ رپورٹ پیش کی ۔
نمائندگی اور جوابدہی
- ایوان نے ایک تحریک زیر ضابطہ 60 جس میں پاکستان سٹیل کے بیل آؤٹ پیکیج پر بحث کرنیکا کہا گیا کو متعلقہ وزیر کے جواب تک موخر کردیا۔
- ایوان نے دو توجہ دلاؤ نوٹس اٹھائے، پہلے نوٹس میں سروے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے 21 زیر تربیت اپرنٹس کی ٹرمینیشن جبکہ دوسرے میں بیرون ملک پاکستانی مشنز میں تعینات امیگریشن و پاسپورٹ افسروں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ اٹھایا گیا ۔
- چیئر نے مردم شماری کے عمل سے متعلق تحفظات پر مبنی ایک تحریک التوا کو خلاف قواعد قرار دیکر مسترد کردیا تاہم معاملے کو مزید غور کیلئے متعلقہ مجلس کے سپرد کردیا گیا ۔ دو تحاریک التوا محرکین نے واپس لے لیں ۔
- نظام کار پر موجود 32 نشانذدہ سوالات میں سے 16 سوالات اٹھائے گئے ، اراکین نے 38 ضمنی سوال بھی اٹھائے ۔
نظم و ضبط
- ایوان نے عوامی اہمیت کے 06 نکات پر 20 منٹ بحث کی ۔
- حزب اختلاف نے وزارت پانی و بجلی سے متعلقہ ایک سوال کے جواب پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے چار منٹ کیلئے ایوان سے واک آؤٹ کیا ۔
شفافیت
- ایجنڈے کی نقول تمام اراکین ، مشاہدہ کاروں اور عوام کیلئے دستیاب تھیں ۔
- اراکین کی حاضری کی تفصیل ایوان کی ویب سائٹ پر دستیاب پائی گئی۔
(یہ فیکٹ شیٹ فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک کی جانب سے ایوان بالا کی کاروائی کے براہ راست مشاہدے پر مبنی ہے۔ ادارہ ممکنہ غلطی یا کوتاہی پر پیشگی معذرت خواہ ہے۔)