اسلام آباد ،29نومبر 2016 : ایوانِ زیریں کے 37 ویں اجلاس کی آٹھویں نشست میں ایوان نے ملک میں گیس کی قلت اور پاکستان ریلوے کی زمین کے عدم استعمال پر بحث کی ۔
ایوان کی کارروائی کے خاص نکات
- نشست کا دورانیہ 03گھنٹے 50منٹ رہا ۔
- نشست کا آغاز طے شدہ وقت ساڑھے 10بجے صبح کی بجائے 15منٹ تاخیر سے ہوا ۔
- ڈپٹی سپیکر نے مکمل نشست کی صدارت کی۔
- سپیکر اورقائد ایوان (وزیرِ اعظم ) شریک نہ ہوئے۔
- قائد حزب اختلاف صرف 15 منٹ کیلئے شریک ہوئے ۔
- نشست کے آغاز پر 43(13فیصد) اور اختتام 77(23فیصد) اراکین موجود تھے۔
- نشست میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی ، پاکستان پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی ، عوامی نیشنل پارٹی اور قومی وطن پارٹی شیر پاؤ کے پارلیمانی قائدین نے شرکت کی ۔
- چھ اقلیتی اراکین بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔
کارکردگی
- وزیر قانون نے ایوان میں ماحولیاتی تبدیلی بل 2016 متعارف کرایا ۔
- ایوان نے قانونی اصلاحات (ترمیمی) بل 2015 کو اکثریت رائے سے مسترد کردیا
- ایوان میں قرآن کی طباعت ( طباعت اور ریکارڈنگ کی اغلاط کا خاتمہ ) ایکٹ 1973 میں ترامیم کیلئے پیش ترمیمی بل 2015 پیش کیا گیا ، ایوان نے اس بل کو ایک ماہ کیلئے موخر کردیا ۔
- ایوان نےانسانی اعضا اور بافتوں کی پیوند کاری (ترمیمی) بل 2016 کو متعلقہ مجلس قائمہ کے سپرد کردیا ۔
- محرک کی عدم موجودگی کے سبب ایک نجی بل پر رپورٹ زیر غور نہ لائی گئی ۔
- جمعیت العلما اسلام (ف) کی خاتون رکن کی ایک قرارداد جس میں حکومت پر زور دیا گیا کہ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے پر 11 اراکین نے 35 منٹ تک بحث کی ۔
- نظام کار پر موجود نجی اراکین کی پانچ دیگر قراردادیں نہ اٹھائی گئیں ۔
نمائندگی و جوابدہی
- ریلوے کی زمین کے عدم استعمال سے متعلق جمعیت العلما اسلام (ف) کے رکن کی ایک تحریک زیر ضابطہ 259 پر وزیر ریلوے سمیت 15 اراکین نے 01 گھنٹہ 15 منٹ بحث کی ۔
- عوامی اہمیت کے معاملات پر بحث کیلئے نظام کار پر موجود چار تحاریک زیر ضابطہ 259 ایوان میں نہ اٹھائی گئیں ۔
- ایوان نے دو توجہ دلاؤ نوٹس اٹھائے جن میں ایک نجی چینل کے اینکر پرسن کی طرف سے اراکین پر الزامات لگانے اور عارضی طور پر بے گھر ہونیوالے جنوبی وزیرستان کے لوگوں کو سہولتوں کی عدم فراہمی کی طرف توجہ مبذول کرائی گئی ۔
نظم و ضبط
- اراکین نے 15 نکات ہائے اعتراض پر 39 منٹ اظہار خیال کیا ۔
- ریلوے کی زمین کے عدم استعمال سے متعلق تحریک پر بولنے کی اجازت نہ دینے کیخلاف حزب اختلاف نے چار منٹ احتجاج کیا ۔
- 02 بج کر 27 منٹ پر جماعت اسلامی کے رکن نے انکی جماعت کے ایک رکن کو نکتہ اعتراض کو تحریک استحقاق میں بدلنے کی اجازت نہ دینے پر چیئر کے رویہ کیخلاف ایوان سے واک آؤٹ کیا ۔ فاضل رکن نشست ملتوی ہونے تک ایوان میں واپس نہ آئے ۔
شفافیت
- ایجنڈے کی نقول تمام اراکین ، مشاہدہ کاروں اور عوام کیلئے دستیاب تھیں ۔
- اراکین کی حاضری کی تفصیل ایوان کی ویب سائٹ پر دستیاب پائی گئی۔
(یہ فیکٹ شیٹ فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک کی جانب سے قومی اسمبلی کی کاروائی کے براہ راست مشاہدے پر مبنی ہے۔ ادارہ ممکنہ غلطی یا کوتاہی پر پیشگی معذرت خواہ ہے۔)