اسلام آباد، ۲۴فروری۲۰۱۶: پنجاب صوبائی اسمبلی کے انیسویں اجلاس کی انیسویں نشست تین حکومتی قانونی مسوّدوں کی منظوری دی گئی۔
ایوان کی کارروائی کے خاص نکات
- نشست کا دورانیہ تین گھنٹےتین منٹ رہا۔
- نشست کا آغاز طے شدہ وقت دس بجے کی بجائے دس بج کر تریپن منٹ پر ہوا۔
- سپیکر نے ابتدائی دو گھنٹے چھیالیس منٹ جبکہ بقیہ وقت ڈپٹی سپیکر نے نشست کی صدارت کی ۔
- قائدِ ایوان( وزیراعلیٰ ) اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔
- قائدِ حزب اختلاف ایک گھنٹہ اٹھائیس منٹ اجلاس کی کاروائی میں حاضر رہے۔
- نشست کےآغاز پر ایوان میں موجود اراکین کی تعداد پانچ(ایک فیصد) جبکہ اختتام پر چھیاسی(تئیس فیصد) پائی گئی۔
- کسی پارلیمانی جماعت کے قائد اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔
- چھ اقلیتی رکن بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
کارکردگی
- ایوان نے پنجاب جنگلات(ترمیمی)بل ۲۰۱۵، پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی(ترمیمی) بل ۲۰۱۵ اور پنجاب تحفظ نسواں و انسداد تشدد (ترمیمی) بل ۲۰۱۵ کی منظوری دی۔
- پنجاب جنگلات(ترمیمی)بل ۲۰۱۵ پر پانچ اراکین نے نصف گھنٹہ بحث کی۔ بعد ازاں یہ بل کثرتِ رائے سے منظور کرلیا گیا۔
- پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی(ترمیمی) بل ۲۰۱۵ بغیر بحث کے کثرتِ رائے سے منظور ہوگیا۔
- پنجاب تحفظ نسواں و انسداد تشدد (ترمیمی) بل ۲۰۱۵ پر تین اراکین نے دس منٹ اظہارِ خیال کیا جس کے بعد اس بل کو متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
نمائندگی و جوابدہی
- حکومت نے ایجنڈے میں شامل بارہ نشانذدہ سوالات میں سے تین کے زبانی جوابات ایوان میں دیے جبکہ دو سوالات کے جوابات متعلقہ اراکین کی غیر حاضری کے باعث نہیں دیے جاسکے۔محکمہ زراعت سے پوچھے گئے سات سوالات کو متعلقہ وزیر کی درخواست پر کسی اور نشست کے لیے ملتوی کردیا گیا۔اراکین نے گیارہ ضمنی سوالات بھی دریافت کئے ۔
- حزبِ اختلاف کے اراکین کی طرف سے جمع کرائی گئی چھ تحاریک التوا متعلقہ پارلیمانی سیکریٹریوں کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کردی گئیں۔
نظم و ضبط
- اراکین نے دس نکات ہائے اعتراض کے ذریعے گیارہ منٹ تک اظہارِ خیال کیا۔
- پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے دو بار کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی جس کے بعد پانچ منٹ گھنٹیاں بجائی گئیں اور کورم مکمل ہونے پر کاروائی کا دوبارہ آغاز ہوا۔
شفافیت
- ایجنڈے کی نقول تمام اراکین ، مشاہدہ کاروں اور دیگرکیلئے دستیاب تھیں۔
- اراکین کی حاضری کی تفصیل مشاہدہ کاروں اور ذرائع کیلئے دستیاب تھی۔
یہ فیکٹ شیٹ فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک کی شریک کار تنظیم پتن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی کاروائی کے براہ راست مشاہدے پر مبنی ہے۔ ادارہ ممکنہ غلطی یا کوتاہی پر پیشگی معذرت خواہ ہے۔