اسلام آباد، ۹فروری۲۰۱۶: پنجاب صوبائی اسمبلی کے انیسویں اجلاس کی آٹھویں نشست میں سات قراردادوں کی منظوری دی جن میں نجی اراکین کی چھ قراردادیں بھی شامل تھیں۔
ایوان کی کارروائی کے خاص نکات
- نشست کا دورانیہ دو گھنٹے چونتیس منٹ رہا۔
- نشست کا آغاز طے شدہ وقت دس بجے کی بجائے گیارہ بج کر تینتیس منٹ پرہوا۔
- سپیکر نے تمام وقت صدارت کے فرائض سرانجام دیےجبکہ ڈپٹی سپیکر غیر حاضر رہے۔
- قائدِ ایوان( وزیراعلیٰ ) اجلاس میں شریک نہ ہوئے ۔
- قائدِ حزب اختلاف دو گھنٹے انتیس منٹ اجلاس کی کاروائی میں حاضر رہے۔
- نشست کےآغاز پر ایوان میں موجود اراکین کی تعداد ستائیس(آٹھ فیصد) جبکہ اختتام پر چونسٹھ(سترہ فیصد) پائی گئی۔
- جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے پارلیمانی قائدین نے اجلاس میں شرکت کی ۔
- پانچ اقلیتی رکن بھی شریک ہوئے ۔
کارکردگی
- ایوان نے چھ نجی اراکین کی قراردادوں اور ایک ضمنی حکومتی قرارداد کی منظوری دی۔
- نجی اراکین کی قراردادوں میں حکومت کو تعلیمی اداروں کو تحفظ فراہم کرنے، صوبے بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز اسپتالوں میں انجیوگرافی کی سہولیات دینے، سولہ دسمبر کو شہدائے آرمی پبلک سکول کے نام موسوم کرنے، غیرقانونی تشہیری بورڈ ہٹانے، نجی تعلیمی اداروں کی فیسیں کم کرنے کے فیصلے پر عملدرآمداور جھوٹے مقدموں کی روک تھام کے لیے قانون سازی کرنے کی سفارشات کی گئیں۔صوبائی وزیرِ قانون کی پیش کردہ ضمنی قرارداد میں وفاقی حکومت کے پٹرول کی قیمتیں کم کرنے کے حالیہ فیصلے کو سراہا گیا نیز قیمتوں میں مزید کمی کی امید بھی کی گئی۔
- ایوان نے نجی اراکین کی تین قراردادوں پر غور مؤخر جبکہ مساجد کے بجلی کے بلوں کو ٹیلیویژن فیس سے مستثنٰی قراردیے جانے کی قرارداد کو مسترد کردیا۔
نمائندگی و جوابدہی
- حکومت نے ایجنڈے میں شامل اٹھارہ نشانذدہ سوالات میں سے آٹھ کے زبانی جوابات ایوان میں دیے جبکہ ایک سوال متعلقہ رکن کی غیرحاضری کے باعث زیرِ غور نہ آسکا۔ اراکین نے انیس ضمنی سوالات بھی دریافت کئے ۔ سپیکر نے محکمہ کالونیز سے پوچھے گئے سوالات متعلقہ پارلیمانی سیکرٹری کی بوجہ آپریشن غیرحاضری کے باعث ملتوی کردیے۔
- ایک آزاد رکن اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی جانب سے پیش کردہ دو تحاریک التوا پر غور مؤخر کردیا گیا۔
نظم و ضبط
- اراکین نے آٹھ نکات ہائے اعتراض کے ذریعے آٹھ منٹ تک مختلف موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔
- ایوان نے پاکستان تحریک انصاف کے ایک رکن کی پولیس کے ناروا سلوک سے متعلق ایک تحریک استحقاق مؤخر کردی۔
- پاکستان تحریک انصاف کے اراکینِ اسمبلی نے وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا غیر تسلّی بخش جواب دیے جانے پر ایوان میں چھ منٹ تک احتجاج کیا۔
- حزبِ اختلاف کی تمام جماعتوں نے قائدِ حزب اختلاف کی پٹرول کی قیمتوں سے متعلق قرارداد کی حکومت کی جانب سے مخالفت کیے جانے پر تین منٹ تک ایوان میں احتجاج کرنے کے بعد ایک منٹ کے لیے کاروائی کا رسمی مقاطعہ کیا۔
- پوری حزبِ اختلاف نے نشست کے اختتام پر دوبارہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں ک متعلق قرارداد میں من مانی ترامیم کرنے پر ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
شفافیت
- ایجنڈے کی نقول تمام اراکین ، مشاہدہ کاروں اور دیگرکیلئے دستیاب تھیں ۔
- اراکین کی حاضری کی تفصیل مشاہدہ کاروں اور ذرائع کیلئے دستیاب بنائی گئی ۔
اس فیکٹ شیٹ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
یہ فیکٹ شیٹ فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک کی شریک کار تنظیم پتن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی کاروائی کے براہ راست مشاہدے پر مبنی ہے۔ ادارہ ممکنہ غلطی یا کوتاہی پر پیشگی معذرت خواہ ہے۔