اسلام آباد ، 19جنوری 2016 : سندھ کی صوبائی اسمبلی کےتئیسویں اجلاس کی تیسری نشست میں ایک قانونی مسوّدے اور پانچ قراردادوں کی منظوری دی گئی ہے۔نشست طے شدہ وقت سے ایک گھنٹہ چار منٹ کی تاخیر کے ساتھ شروع ہوئی ۔
ایوان کی کارروائی کے خاص نکات
- نشست کا دورانیہ پانچ گھنٹےآٹھ منٹ رہا ۔
- نشست کا آغاز طے شدہ وقت دس بجے صبح کی بجائے گیارہ بج کر چار منٹ پر ہوا ۔
- سپیکر نے چار گھنٹے پندرہ منٹ جبکہ چئیرپرسنوں کے پینل کے ایک رکن نے تریپن منٹ کیلئے صدارت کے فرائض نبھائے۔ ڈپٹی سپیکر غیر حاضر رہیں۔
- قائد ِایوان کاروائی میں شریک نہ ہوئے ۔
- قائد حزب اختلاف چارگھنٹے چوبیس منٹ تک ایوان میں موجود رہے ۔
- نشست کےآغاز پر ایوان میں اراکین کی تعداد بتیس(انیس فیصد) جبکہ اختتام ستاون(چونتیس فیصد ) رہی ۔
- پاکستان پیپلز پارٹی ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف اورپاکستان مسلم لیگ ( فنکشنل ) کے پارلیمانی قائدین نے شرکت کی ۔
- پانچ اقلیتی رکن بھی کاروائی میں شریک ہوئے ۔
- چار اراکین نے رخصت کی درخواستیں ارسال کیں ۔
کارکردگی
- ایوان نے سندھ بلدیاتی حکومت(ترمیمی) بل ۲۰۱۶ کی منظوری دی۔ وزیر برائے پارلیمانی امور یہ قانونی مسوّدہ ضمنی ایجنڈے کے ذریعے ایوان میں لائے جبکہ اسے پیش کرنے کے لیے قواعد نمبر چھیانوے تا ننانوے سے صرفِ نظر کیا گیا۔
- ایوان نے پانچ قراردادوں کو بھی متفقّہ طور پر منظور کرلیا۔ یہ قراردادیں ڈویژنل اسپتالوں میں ہوائی ایمبولینس مہیّا کیا جانے ، پاکستانی دستاویزی فلم کی آسکر نامزدگی کو سراہنے، مختلف اضلاع میں فائر بریگیڈ سٹیشن قائم کرنے ، وی آئی پی اور پروٹوکول کلچر کی مخالفت کرنے اور مردم شماری کرانے سے متعلق تھیں۔
نمائندگی و جوابدہی
- ایوان میںایجنڈے پر موجود پانچ نشانذدہ سوالات میں سے تین کے زبانی جوابات دیے گئے۔ اراکین نے اکیس ضمنی سوالات بھی دریافت کئے ۔
- ایوان نے ایم کیو ایم کے ایک رکن کی جانب سے ترقیاتی فند کے بارے میں جمع کرائی گئی ایک تحریک التوا مسترد کردی۔
نظم و ضبط
- اراکین نے انیس نکات ہائے اعتراض پر چھبیس منٹ تک اظہار خیال کیا ۔
- حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے حکومتی بل کی منظوری کے لیے قواعد سے صرفِ نظر کیے جانے پر ایوان میں گیارہ منٹ تک احتجاج کیا۔
شفافیت
- ایجنڈے کی نقول تمام اراکین ، مشاہدہ کاروں اور دیگرکیلئے دستیاب تھیں ۔
- اراکین کی حاضری کی تفصیل ایوان کی ویب سائٹ پر دستیاب نہ تھی تاہم مشاہدہ کاروں کو مہیا کی گئی ۔
اس فیکٹ شیٹ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
(یہ فیکٹ شیٹ فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک کی شریک کار تنظیم پاکستان پریس فاؤنڈیشن کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کی کاروائی کے براہ راست مشاہدے پر مبنی ہے۔ ادارہ ممکنہ غلطی یا کوتاہی پر پیشگی معذرت خواہ ہے۔)