اسلام آباد ،14جنوری 2016 : ایوان بالاکے ایک سو تئیسویں اجلاس کی چوتھی نشست میں نظام کار ( ایجنڈے ) پر موجود تمام امور نمٹائے گئے ۔
ایوان کی کارروائی کے خاص نکات
• نشست کا دورانیہ تین گھنٹے تریپن منٹ رہا ۔
• نشست کا آغاز طے شدہ وقت تین بجے ہوا ۔
• وقفہ نماز کے باعث تیرہ منٹ تک کارروائی معطل رہی ۔
• مکمل نشست کی صدارت چیئرمین نے خود کی تاہم ڈپٹی چیئرمین بھی ایوان میں موجود رہے ۔
• وزیر اعظم نشست میں شریک نہ ہوئے ۔
• قائد ایوان نشست کا پورا دورانیہ ایوان میں موجود رہے ۔
• قائد حزب اختلاف تین گھنٹے تئیس منٹ تک موجود رہے ۔
• اطلاعات ، نشریات اور قومی ورثہ ، مذہبی امور ، ہاوسنگ ، ماحولیاتی تبدیلی ، پٹرولیم و قدرتی وسائل کے وفاقی وزرا اور پارلیمانی امور ، پٹرولیم و قدرتی وسائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزرا مملکت بھی نشست میں موجود تھے ۔
• نشست کا آغاز اٹھارہ (سترہ فیصد ) جبکہ اختتام اٹھائیس ( ستائیس فیصد( اراکین کی موجودگی کیساتھ ہوا ۔
• جمعیت العلما اسلام (ف) ، متحدہ قومی موومنٹ ، بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل ) ، پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان مسلم لیگ ، پاکستان تحریک انصاف ، پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے پارلیمانی قائدین نے شرکت کی ۔
• ایک اقلیتی رکن نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
نمائندگی اور جوابدہی
• چیئر نے ایک تحریک التوا کی منظوری دی جس میں امریکہ کے صدر بارک اوبامہ کی اس سٹیٹ آف یونین تقریر پر بحث کی اجازت مانگی گئی تھی جس میں امریکی صدر نے اپنی تقریر میں پاکستان کا نام دہشت گردی اور انتہا پسندی کے سیاق و سباق میں کیا ۔
• ایجنڈے پر موجود تمام بیش نشانذدہ سوالات اٹھائے گئے ، سینیٹرز نے انتیس ضمنی سوالات بھی دریافت کئے ۔
• ایوان نے ایک منی بل پر پیش کی گئی سفارشات کو اپنانے کیلئے ایک تحریک کی منظوری دی جسکا مقصد انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 ( انکم ٹیکس ( ترمیمی) بل 2016 میں مزید ترامیم کرنا ہے ۔
• ایوان نے ایک تحریک کی منظوری دی اور اخلاقیات پر قائم سینیٹ کمیٹی کے قواعد کے مسودے اور اخلاقیات پر قائم خصوصی کمیٹی کی طرف سے ایوان کے اراکین کیلئے تیار کئے گئے ضابطہ اخلاق کے مسودے کو بحث کیلئے پیش کرنیکی اجازت دی ۔ اکیس اراکین اور چیئرمین نے اس پر دو گھنٹے ایک منٹ تک بحث کی ۔
• ایوان نے مالی سال دو ہزار آٹھ ،نو اور دو ہزار نو ، دس کے دوران صوبوں کیلئے زکوۃٰ فنڈ کے اجرا سے متعلق پوچھے گئے ایک نشانذدہ سوال نمبر ایک سو چھپن کی رپورٹ پیش کرنے میں تاخیر کو نظر انداز کرنے کی ایک تحریک کی بھی منظوری دی ۔
• ایوان چار مجالس ہائے قائمہ کی رپورٹس پیش گئیں ۔
شفافیت
• ایجنڈے کی نقول تمام اراکین ، مشاہدہ کاروں اور عوام کیلئے دستیاب تھیں ۔
• اراکین کی حاضری کی تفصیل ایوان کی ویب سائٹ پر دستیاب پائی گئی۔
یہ فیکٹ شیٹ فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک کی جانب سے ایوان بالا کی کاروائی کے براہ راست مشاہدے پر مبنی ہے۔ ادارہ ممکنہ غلطی یا کوتاہی پر پیشگی معذرت خواہ ہے۔